کراچی (نمائندہ خصوصی) جماعت اسلامی کے رہنما حافظ نعیم الرحمن کی پریس کانفرنس پر ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ حافظ نعیم الرحمن جماعت اسلامی کے کارکن بنیں بال ٹھاکرے نہ بنیں۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے مزید کہا کہ پورے وثوق سے کہتاہوں کہ حافظ نعیم الرحمن کراچی دشمنی کے ایجنڈے پر اترے ہوئے ہیں جماعت اسلامی کے دیرینہ اور سنجیدہ لوگ حافظ نعیم الرحمن کی باتوں اور ذہنی حالت کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی والے تو جانتے ہیں جماعت اسلامی ان کا مقدمہ نہیں لڑرہی وزیراعلی سندھ نے ہی مردم شماری پر روز اول سے آواز بلند کی۔ بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی وجہ سے حالیہ مردم شماری میں خامیوں کو درست کیاجارہاہے حافظ نعیم الرحمن کے لچھے دار بیانات میں عمران خان سے مقابلہ چل رہاہے ،پیپلزپارٹی قیادت،سندھ حکومت ہی کراچی کی رونقیں بحال کررہی ہے کل کے اجلاس میں بھی حافظ نعیم ہوم ورک کے بغیر بیٹھے بات کررہے تھے، بلدیاتی الیکشن میں اربوں روپے خرچ کرکے بھی حافظ نعیم الرحمن مطلوبہ اکثریت حاصل نہیں کرسکے۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ حافظ نعیم بلدیاتی الیکشن میں شکست پر جماعت اسلامی میں اٹھنے والی آوازوں سے پریشان ہیں اپنی قیادت کارکنان کو شکست کا جواب دینے کے بجائے لسانی سیاسی انتشار پیدا کررہے ہیں۔