اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ) پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں آج 147ویں جی ڈی (پی)، 93ویں انجینئرنگ، 103ویں ایئر ڈیفنس، 24ویں ایڈمن اینڈ سپیشل ڈیوٹیز، 7ویں (براوو) لاجسٹکس اور 129ویں کامبیٹ سپورٹ کورس کی گریجویشن تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر وزیر اعظم پاکستان جناب محمد شہباز شریف مہمان خصوصی تھے۔ سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو بھی اس موقع پر موجود تھے۔تقریب کے دوران کل 147 ایوی ایشن کیڈٹس اور 01 نیول کیڈٹ گریجوایٹ ہوا۔ مہمان خصوصی نے فارغ التحصیل ہونے والے کیڈٹس میں برانچ انسگنیاز اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے گریجویٹس میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔ جنرل سروس ٹریننگ میں بہترین کارکردگی پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ ونگ انڈر آفیسر اجلال کریم کو دی گئی۔ کمبیٹ سپورٹ کورس میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میڈیکل برانچ کے ایوی ایشن کیڈٹ حافظ علی حسن نےٹرافی اپنے نام کی، جبکہ ایڈمن اینڈ سپیشل ڈیوٹیز کورس میں بہترین کارکردگی پر ایوی ایشن کیڈٹ فیضان سعید کو چیف آف دی ایئر سٹاف ٹرافی سے نوازا گیا۔ ایئر ڈیفنس میں بہترین کارکردگی پر چیف آف دی ایئر اسٹاف ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ محمد بلال رضا نے حاصل کی اور انجینئرنگ ڈسپلن میں بہترین کارکردگی پر چیف آف دی ایئر اسٹاف ٹرافی پاکستان نیوی کیڈٹ سارجنٹ عمادالدین کو دی گئی۔ فلائنگ ٹریننگ میں بہترین کارکردگی پر ایوی ایشن کیڈٹ محمد شرجیل الرحمن کو چیف آف دی ایئر اسٹاف ٹرافی برائے بہترین پائلٹ سے نوازا گیا۔ کالج آف ایروناٹیکل انجینئرنگ میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی پر ایوی ایشن کیڈٹ ونگ انڈر آفیسر محمد حصام ظفر کو اعزازی شمشیر دی گئی، جبکہ ایوی ایشن کیڈٹ سارجنٹ عبدالمنان حسن نے کالج آف فلائنگ ٹریننگ میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر حاصل کی۔گریجویٹ ہونے والے کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ "آپ نے پاکستان کی فضائی سرحدوں کے دفاع کے مقدس عزم کے ساتھ پاک فضائیہ میں شمولیت اختیار کی ہے۔ آج آپ اس اعلیٰ عسکری ادارے کے افسران کی صف میں شامل ہو رہے ہیں جس کا مشن، پرجوش ہونے کے ساتھ ساتھ چیلنجز سے بھی بھرپور ہے۔ آپ نے خود کو اس قابل بنانا ہے کہ آپ ایک متحرک قیادت کی بہترین روایات کو قائم رکھیں اور جرات، پیشہ ورانہ مہارت، دیانت داری اور عزت نفس جیسی اعلیٰ اقدار سے آراستہ ہوں”. وزیراعظم نے مزید کہا کہ سربراہ پاک فضائیہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی دور اندیش اور متحرک قیادت میں پاک فضائیہ نےخاص طور پر آرٹیفیشل انٹیلیجنس، سائبر، اسپیس اور نیش ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں نمایاں پیشرفت کی ہے جو کہ قابل تحسین ہے۔ مہمان خصوصی نے مذید کہا کہ "ہم مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے معصوم لوگوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے بخوبی آگاہ ہیں اور اس حقیقی جدو جہد آزادی میں ان کی بین الاقوامی فورمز پر ہر ممکن اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔”تقریب کے بعد سنسنی خیز ایروبیٹکس اور فضائی مظاہرہ پیش کیا گیا جس میں پاک فضائیہ کے صف اول کےلڑاکا طیاروں بشمول میراج، جے-10، ایف-16 اور جے ایف-17 طیاروں نے حصہ لیا۔ بعد ازاں، پی اے ایف اکیڈمی کی ایروبیٹکس ٹیم "شیردلز” کی جانب سے انتہائی مہارت کے ساتھ فارمیشن ایروبیٹکس کا مظاہرہ پیش کیا گیا جس نے شائقین کے دل موہ لیئے۔ گریجویشن تقریب میں اعلیٰ سول اور عسکری عہدے داران کے ساتھ ساتھ فارغ التحصیل ہونے والے کیڈٹس کے والدین نے بھی شرکت کی۔