اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) چیئرمین سینیٹ، محمد صادق سنجرانی سے چینی سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی جس میں ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور پاکستان میں چینی سرمایہ کاری بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران وفد نے پاکستان میں مختلف شعبوں بالخصوص انفارمیشن ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر اور دیگر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے وفد کا خیرمقدم کیا اور انہیں سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے کے لیے حکومت اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ چیئرمین سینیٹ نے بلوچستان اور بالخصوص گوادر کو سرمایہ کاری کیلئے موزوں قرار دیتے ہوئے وفد کو صوبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ چینی سرمایہ کاروں نے پاکستان کے اسٹریٹجک محل وقوع اور تجارت اور سرمایہ کاری کے ایک مرکز کے طور پر اس کی صلاحیت کی تعریف کی۔ دونوں فریقوں نے تعاون اور سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا، وفد نے پاکستان کو مستقبل میں سرمایہ کاری کےلیے ایک پرکشش مقام قرار دیتے ہوئے اعتماد کا اظہار کیا۔چینی سرمایہ کاروں کا وفد مسٹر لین، مسٹر ڈن، مسٹر جوئے پر مشتمل تھا۔ ملاقات میں چیئرمین سینیٹ کے مشیر سید عابد حسن بھی موجود تھے۔