اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کراچی ایکسپریس آتشزدگی واقعے میں تخریب کاری کا امکان ہو سکتا ہے۔قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ گزشتہ روز ٹرین کی بوگی میں آگ لگنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، بظاہر لگ رہا ہےکہ ٹرین کی بوگی میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔انہوںنے کہاکہ ریلوے واقعے میں تخریب کاری کا امکان ہو سکتا ہے، تحقیقات کریں گے کہ زنجیر کھینچنے کے کتنے وقت بعد ٹرین رکی اور خاتون کو کیوں کودنا پڑا، ریلوے حادثے سے متعلق حقائق ایک دو روز میں سامنے آجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ریلوے کی تباہی کی لمبی داستان ہے، ہم پچھلی حکومت کی طرح لوگوں سے جھوٹ نہیں بولیں گے، پھاٹک لگانے کے لیے صوبائی حکومت یا ڈسٹرکٹ کونسل فنڈز دیتی ہے، جن جن مقامات پر پھاٹک لگانےکی ضرورت ہے مل کر بیٹھ جائیں، فنڈز دے دیں ہم لگا دیں گے، صوبائی حکومت فنڈز فراہم کر دے، ہم پھاٹک لگانے کے لیے تیار ہیں۔