اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی پارلیمانی پارٹی نے وزیراعظم شہباز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انتخابات سے متعلق سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات کیلئے پارلیمان کا فورم استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت مسلم لیگ (ن )کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں پارلیمانی پارٹی نے وزیراعظم شہباز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق انتخابات سے متعلق سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات کیلئے پارلیمان کا فورم استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ پارلیمانی پارٹی کے مطابق مذاکرات کے لیے کسی ادارے کی ثالثی قبول نہیں کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہاکہ تمام اتحادی جماعتیں حکومت کے ساتھ ہیں، جمہوریت کی خاطر کسی قسم کی قربانی کے لیے بھی تیار ہیں۔ پارلیمانی پارٹی کے مطابق تمام اہم فیصلے پارلیمنٹ کے ذریعے کیے جائیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے تمام لیگی ارکان اسمبلی کو اسلام آباد میں رہنے کی ہدایت کی۔