میرپور (کے ایم ایس)آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہاہے کہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل احمد شریف کی طرف سے مسئلہ کشمیرکے حوالے سے قومی اور اصولی موقف کے اعادے سے کنٹرول لائن کے دونوں جانب کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔
بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ایک بیان میں کہا کہ اس سے بھارت کو واضح پیغام ملا ہے کہ کشمیر اس کا اٹوٹ انگ نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ایک تنازعہ ہے جسے قانونی اور تاریخی پس منظر کو مدنظر رکھتے ہوئے پرامن طریقے سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔آزاد جموں و کشمیر کے صدر نے جدوجہد آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو یہ حقیقت ذہن میں رکھنی چاہیے کہ وہ طاقت کے استعمال سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکتا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کی بہادر مسلح افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں ملک کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔