کراچی(کامرس رپورٹر)یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے صدر اور ایف پی سی سی آئی کے سابق صدرزبیر ایف طفیل نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے حالیہ ریوگیولیٹری ڈیوٹی پر سے پابندی ہٹانے کے بعد ملک میں تیار اشیاء درآمد ہونگی جس سے مقامی مارکیٹ اوربرآمدات کو شدید خطرات لاحق ہونگے اورخطیرزرمبادلہ بھی بیرون ملک منتقل ہوگا۔ مرکزی ترجمان یونائٹیڈ بزنس گروپ گلزارفیروز کے مطابق زبیرطفیل نے کہا کہ حکومت فوری طور پر غیرضروری اشیاء،تیار مصنوعات اورمقامی سطح پر تیار ہونے والی اشیاء کی درآمد پر مکمل پابندی ہونی چاہیئے، حکومت مقامی صنعت کی حوصلہ افزائی کرے اورخام مال کی درآمدپر ایل سی مارجن کی مدمیں رقم طلب نہ کرے۔ زبیرطفیل نے کہا کہ رواں سال کے تیسرے مہینے مارچ2023میں کرنٹ کاؤنٹ 654ملین ڈالر سرپلس ہونے کو خوش آئند قرار دے دیا ہے۔زبیرطفیل نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپرلس ہونے سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ حکومت کی درآمدات کو کم کرنے کے اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہونا شروع ہوگئے ہیں۔صدر یو بی جی نے کہا کہ حکومت کی درآمدات کو کم کرنے کی پالیسی بھی کامیاب رہی یہی وجہ ہے کہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپرلس ہوگیا ہے۔ زبیرطفیل نے کہا کہ اگرچہ درآمدات پر پابندی اورایل سیز جاری نہ کرنے کے باعث برآمدات میں بھی کمی ہوئی ہے لیکن اگر حکومت خام مال کی درآمد کو جاری رکھے تو برآمدات کی کمی کو پورا کیا جاسکتا ہے۔صدر یو بی جی زبیرطفیل نے توقع ظاہر کی کہ حکومت غیرضروری اشیاء کی درآمد اوربرآمدات کے فروغ کیلئے اقدامات کرے تو نہ صرف معاشی بحران پر قابو پایا جاسکتا ہے بلکہ زرمبادلہ پر پڑنے والا دباؤ بھی کم ہوسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے خام مال کی درآمدپر ایل سی مارجن کی مدمیں رقم کی ادائیگی کے کوئی احکامات نہیں لہٰذاحکومت برآمدات میں استعمال ہونے والے خام مال اور مشینری کی درآمد پر ایل سی مارجن ختم کرکے بلاتعطل فراہمی جاری رکھے۔