کراچی (نمائندہ خصوصی)سندھ حکومت نے امن امان کی بگڑتی صورتحال سے نمٹنے کے لئے صوبے کے ٹول پلازہ پر خفیہ کیمرے نصب کرنے اور جرائم پیشہ مجرموں کے سر کی قیمت میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاھ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس 27 اپریل جمعرات کے روز دوپہر 2 بجے وزیر اعلی ہاو¿س میں ہوگا۔اجلاس میں وزرا، مشیر، معاونین خاص اور افسران شرکت کریں گے جبکہ کابینہ اجلاس میں 10 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔سیکشن افسر کیبنٹ نے اجلاس طلبی کا شیڈول جاری کردیا ہے، اجلاس میں صوبے بھر کے ٹول پلازہ پر خفیہ کیمرا لگانے اور خریدنے کی بھی منظوری لی جائے گی۔اجلاس میں سال 2022 اور 2023 کی ترقیاتی بجٹ کو رویو کرنے کی منظوری لی جائے گی اور مجرموں پر مقرر سر کی قیمت میں اضافے کی بھی منظوری لی جائے گی۔صوبائی کابینہ کے اجلاس میں انڈسٹریز قوانین 1986 میں ترامیم کی منظوری لی جائے گی اور اینگرو کمپنی کو 6 ہزار 761 ایکڑ زمین الاٹ کرنے کی منظوری لی جائے گی، زمین ٹھٹہ میں الاٹ کی جائے گی جہاں پر ینگرو کمپنی 4 سو میگاواٹ ہائبرڈ سولر توانائی پروجیکٹ شروع کرے گی۔