مدینہ منورہ(نمائندہ خصوصی)وزیر مذہبی امور سنیٹر محمد طلحہ محمود نے سیکرٹری امور زیارت مدینہ اور نمائندہ روڈ ٹو مکہ محمد بن عبدالرحمن البیجاوی سے ملاقات کی جس میں آئندہ حج انتظامات، زیارت مدینہ منورہ اور روڈ ٹو مکہ سہولیات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیر مذہبی امور سنیٹر طلحہ محمود کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد اور آئندہ حج پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔سنیٹر محمد طلحہ محمود نے مکمل گنجائش کے ساتھ عمرہ سیزن کے کامیاب انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ رمضان المبارک میں حرمین شریفین پر تاریخی رش تھا تاہم مثالی انتظامات دیکھنے کو ملے۔ انہوںنے کہاکہ اس سال پاکستانی حجاج کو مسجد نبوی کے قریب ترین رہائشیں فراہم کی جائیں گی۔وزیر مذہبی امور نے کہاکہ پاکستانی حجاج کیلئے مدینہ منورہ کی سفری سہولیات اور کھانے کے انتظامات کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ کوشش ہے کہ سرکاری عازمین حج کی نصف تعداد کو حج سے قبل زیارت مدینہ منورہ مکمل کروائی جائے۔ انہوںنے کہاکہ عازمین حج ریاض الجنہ میں نوافل کی ادائیگی کیلئے سعودی موبائل ایپ نسک کا استعمال سیکھ کر جائیں۔