کراچی (نمائندہ خصوصی) محکمہ موسمیات نے کراچی میں 28 اپریل سے گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کردی، بارش کا سلسلہ 10 مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے ، شہر دو دن بعد تیز اور ہلکی بارش کا نیا سلسلہ شروع ہوگا۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے 28 اپریل سے کراچی سمیت سندھ بھر میں بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ تیزاور ہلکی بارشوں کا سلسلہ 28 اپریل کی دوپہر شروع ہونے کا امکان ہے۔چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ مغربی ہواو¿ں کا سسٹم عمان سے بلوچستان میں داخل ہوگا، یہ سسٹم بلوچستان کے علاوہ تھر پارکر اور عمر کوٹ میں تیز بارشوں کا سبب بنے گا۔سردار سرفراز نے کہا کہ عمان کے راستے سسٹم بلوچستان سے کراچی میں بھی داخل ہوکر بارش کا سبب بنے گا۔چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق ملک بھر میں 28 اپریل سے شروع ہونے والا تیز بارشوں کا سلسلہ دس مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں موسم کی صورتحال کے حوالے سے بتایا کہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35سے 37ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں ہوامیں نمی کا تناسب 74فیصد ہے اور شمال مغرب سے 7 سے 9 کلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کی وجہ سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔