اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سوڈان کی صورتحال پر گہری نظر ہے، پاکستانی شہریوں کی بحفاظت سلامتی اور تحفظ سے متلعق اقدامات کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، سوڈان میں موجود پاکستانیوں کا تحفظ اور سلامتی حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ سوڈان میں 1500 کے قریب پاکستانی موجود ہیں، سوڈان میں پاکستانی سفارت خانہ پاکستانیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سوڈان میں پاکستانی سفارتخانے نے پاکستانیوں سے مسلسل رابطے کے لئے واٹس اپ گروپ گروپ بھی بنا دیا ہے، سوڈان میں پاکستانی سفارتخانے نے پاکستانیوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے، سوڈان سے پاکستانیوں کے انخلا میں مشکلات کا سامنا ہے، ہوائی اڈوں کو جانے والے راستے محفوظ نہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانیوں کی سلامتی وتحفظ اور جلد انخلا کے معاملے پر دوست ممالک اور اقوام متحدہ کے ساتھ رابطے میں ہیں، پاکستان کو یقین ہے کہ سوڈان کے حکام پاکستانیوں کی سلامتی و تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کریں گے۔