اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پی ٹی وی فلم ڈویڑن اور پاک فلکس پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا، پی ٹی وی فلم ڈویژن کا مقصد نوجوانوں کی فلم سازی میں مشغولیت کو فروغ دینا ہے، پاک فلکس پراجیکٹ میں پی ٹی وی کے مواد کو آن لائن کیا جائےگا۔ پی ٹی وی فلم ڈویژن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 2017ءمیں پی ٹی وی فلم ڈویڑن پر کام شروع کیا تھا، 2018ءمیں کابینہ کی منظوری سے پاکستان کی پہلی فلم پالیسی کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے 70 سال مکمل ہونے پر جمال شاہ نے پاکستان کی پہلی کلچر پالیسی تیار کی تھی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں فلم کو انڈسٹری کا درجہ حاصل نہیں تھا، 2018ءمیں ہم نے نہ صرف فلم پالیسی بنائی بلکہ پہلی مرتبہ فلم، کلچر سیکٹر اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو اس میں شامل کر کے ایک جامع مسودہ اور فلم انڈسٹری کو صنعت کا درجہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی فلم پالیسی میں فلم انڈسٹری کو ٹیکس مراعات اور سینما کے لئے انفراسٹرکچر مراعات شامل تھیں تاہم بدقسمتی سے سابق دور میں فلم پالیسی پر اس کی روح کے مطابق عمل نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی سکرین معاشرے کےلئے بیانیہ تشکیل دیتی ہے، پی ٹی وی اپنی مضبوط بنیادوں کی وجہ سے آج تک اپنی ساکھ قائم رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جہاں تمام اسٹیک ہولڈرز اکٹھے ہو سکیں۔