ممبئی( نیٹ نیوز )
بھارتی مسافر طیارے کے پائلٹ کا پرواز کے دوران اپنی خاتون دوست کو کاکپٹ میں بلانے کا انکشاف ہوا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق پرواز کے دوران قانون کی خلاف ورزی کرنے کے بعد پائلٹ کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق بھارتی پائلٹ نے فروری میں دبئی سے پرواز کے کچھ ہی دیر بعد طیارے میں سوار اپنی مسافر دوست کو کاکپٹ میں بلایا تھا۔حکام کے مطابق پائلٹ نے دبئی سے دہلی کیلئے جہاز اڑنے کے کچھ ہی دیر بعد اپنی دوست کو کاکپٹ میں بلایا اور وہ 3 گھنٹے کی پرواز کے دوران وہیں موجود رہی۔ حکام کا کہنا ہے کہ پائلٹ کا یہ عمل نہ صرف سیکیورٹی کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے پرواز اور اس کے مسافروں کی حفاظت پر بھی سمجھوتہ ہوسکتا تھا، پائلٹ کو تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جس میں اس کا لائسنس معطل یا منسوخ بھی ہوسکتا ہے۔بھارتی میڈیاکے مطابق سول ایوی ایشن حکام اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں ۔