اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ جس دن سے تحریک انصاف کے اراکین نے استعفے دیئے ہیں اس دن سے ان کی تنخواہیں روک دی گئی ہیں ،استعفے دینے والے کچھ اراکین نے رابطے کئے ہیں ، جن حضرات نے استعفے دئیے ہیں ان کے دستخط نہیں ملتے، وہ ہاتھ سے لکھ دیں ،ابھی وقت موجود ہے ، جب وقت ختم ہوگا فیصلہ کرونگا،ملکی مسائل کا صبر و تحمل کے ساتھ مقابلہ کرنا پڑے گا ،اسکا مل جل کر حل نکالنا پڑے گا ۔پپس میں منعقدہ ورکشا پ سے خطاب کے دور ان صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف کے جن حضرات نے استعفے دیئے ہیں ان میں شکوک وشبہات ہیں۔ انہوں نے کہاکہ استعفیٰ دینا کے کچھ قواعد و ضوابط ہیں ،اگر کوئی ممبر استعفیٰ دیتا ہے تو میرا فرض ہے تعین کروں کہ بغیر کسی دباوکے استعفیٰ دیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ جب تک یہ بات واضح نہ ہو استعفیٰ منظور نہیں کیا جاسکتا ۔
انہوں نے کہاکہ جن حضرات نے استعفے دیے ان میں شکوک وشبہات ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ استعفے دینے والوں میں کچھ لوگوں نے رابطے کیے ہیں ،فی الحال میں اراکین کا منتظر ہوں جب وقت ختم ہوگا تو فیصلہ کروں گا ۔ انہوںنے کہاکہ جس تاریخ سے استعفے آئے ان کی تنخواہ روک دی گئی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ہدایت کردی ہے کہ جنہوں نے ایوان میں استعفے دیے ان کی تفصیلات دی جائیں ۔انہوںنے کہاکہ بجٹ بل منظور کرنے کا اختیار صرف قومی اسمبلی کے پاس ہے ،بجٹ کے بارے میں درست معلومات کا عوام تک پہنچنا عوام کا حق ہے ،اس میں پارلیمنٹری رپورٹرز کا اہم کردار ہوتا ہے ،اس ورکشاپ میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا ۔ انہوںنے کہاکہ پارلیمان کی رپورٹنگ کرنا اور صحیح معنوں میں معلومات پہنچاناقابل قدر ہے ۔