اسلام آباد(بیورو رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کا ہندوستان کا دورہ کشمیریوں کی جدوجہد کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے کے مترادف ہے۔ اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہاکہ کشمیر کے معاملے کو دفن کر کے ہندوستان سے تعلقات بنانا ایک انٹرنیشنل ایجنڈے کا حصہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ اس ایجنڈے کے تحت اس حکومت کو پاکستان پر مسلط کیا گیا، بھارت سمیت دیگر ممالک سے تعلقات کے حامی ہیں لیکن کسی طور بھی ذیلی ملک نہیں بن سکتے۔ انہوںنے کہاکہ تعلقات برابری کی سطح اور بنیادی معاملات پر تصفیہ کیلئے ہونے چاہئیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان اپنے قریبی دوست ممالک کیلئے اہمیت کھو رہا ہے اور یہ بات انتہائی تشویشناک ہے۔