کراچی (نمائندہ خصوصی ) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے 30 ویں رمضان المبارک کی دوسری سحری گلبرگ کی عوام کے ہمراہ کی۔ وہاں موجود افراد نے ان کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بنوائیں ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ عید کے بعد امریکہ جارہا ہوں، آئی ٹی پروگرام کے لئے جدید ترین لیپ ٹاپ لے کر آوں گا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹاﺅن کی سطح پر 500 افراد پر والنٹیئر کی ٹیم تشکیل دے رہا ہوں، یہ ٹیم اپنے اپنے علاقوں میں اس بات کو یقینی بنائے گی کہ کوئی بھوکا نہ سوئے، کوئی بچہ فیس نہ ہونے کی باعث اسکول سے محروم نہ ہو، یہ والنٹیئرز اپنے علاقوں میں شہری مسائل کی نشاندہی اور حل کے لئے کام کریں گے۔کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ تمام شہریوں سے کہتا ہوں سیاسی وابستگی سے بالا تر ہوکر شہر کے لئے کام کریں، گورنر سندھ نے کہا کہ گورنر ہاﺅس کے گیٹ پر ایک گھنٹی نصب کی جارہی ہے ، عوام شدید ایمرجنسی کی صورت میں رات بارہ بجے سے صبح آٹھ بجے تک اپنا مسئلہ بتا سکتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ پانی، بجلی ، گیس اور اسٹریٹ کرائمز کا پورے ہی شہر میں مسئلہ ہے، جہاں جارہاہوں یہ چار مسائل سامنے رکھے جاتے ہیں ، اسی لئے آئی جی سندھ اور ایم ڈی واٹربورڈ کو کوآرڈینیشن میں دینے کی بات کی تھی، آئی جی کو کوآرڈینیشن میں دینے کی پیش کش کو 21 دن ہو گئے ہیں، جبکہ ایم ڈی واٹر بورڈ کو کوآرڈینیشن میں دینے کی بات کو14 دن گذر چکے ہیں اور دونوں باتوں کا ابھی تک کوئی جواب نہیں ملا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ مسائل سامنے آنے سے ہی ان کے حل کی سبیل نکالی جاسکتی ہے، عوام کسی بھی مسئلہ کے لئے 1366 پر فون کرسکتے ہیں۔