کراچی(نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر محکمہ ٹرانسپورٹ کی عید الفطر کے موقع پر مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف مہم تیسرے روز بھی جاری رہی۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ عبد الحلیم شیخ نے افسران کو مسافروں سے ناجائز کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران کو ہدایت دی ہے کہ سندھ بھر سے شکایات موصول ہو رہی ہیں، مہم کو تیز کیا جائے۔ دریں اثنا کراچی میں مختلف علاقوں کے لیے محکمہ ٹرانسپورٹ کی الگ الگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو صبح اور رات کی شفٹوں میں کارروائیوں میں مصروف ہیں ۔ کراچی میں کل رات اور آج دن بھر کارروائیوں میں 289 گاڑیاں چیک کی گئیں اور مسافروں کو 551,000 روپے واپس کئے گئے۔ ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی جامشورو نے انڈس ہائی وے پر موٹر وے پولیس کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے 2 کوچز کے کاغذات ضبط کر لئے اور کوچز کے روٹ کے اجازت نامے منسوخ کرنے کی بھی سفارش کر دی۔جامشورو میں مجموعی طور پر 267,000 روپے مسافروں کو واپس کئے گئے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران نے شہید بے نظیر آباد میں موٹر وے پولیس کے ہمراہ 30 گاڑیاں چیک کیں۔ مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے پر 09 گاڑیوں کا چالان کیا اور 8,000 روپے جرمانہ عائد کیا۔ شہید بےنظیر آباد میں مسافروں کو 10,000 روپے واپس کئے گئے۔ سکھر ملتان موٹر وے پر روہڑی کے قریب کارروائی میں ٹرانسپورٹرز پر5,800 روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور 12,000 روپے مسافروں کو واپس کئے گئے۔