کراچی (نمائندہ خصوصی ) وزیرمحنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کوآئین کے تحت فیصلے کرنے کااختیارہے، پنچائیت لگانے کا اختیار نہیں ہے۔ ملک بھر میں انتخابات ایک ہی دن میں ہونے چاہیے اگر پنجاب میں کسی بھی جماعت کی حکومت بن جاتی ہے اس کے اثرات پڑیں گے۔اگرپنجاب میں انتخابات کروائے گئے تویہ نئے ون یونٹ قائم کرنے کے برابرہوگا۔ملک میں اس وقت جوڈیشل مارشل لا لگا ہواہے۔سیاستدانوں سے زیادہ معاملہ فہم کوئی نہیں ہوسکتا، ملک میں اس وقت ہیجان اوربحران عدالتی فیصلوں کی وجہ سے ہے۔عمران خان کامزاج کسی بھی طورپرسیاسی نہیں، اس نے ملک کوسیاسی اورمعاشی طورپربحرانوں میں دھکیلا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز اپنے کیمپ آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ میں سمجھتاہوں سپریم کورٹ کا یہ اسرارکرنا کہ پنجاب میں انتخابات کروائے جائیں،ہمیں یہ منظورنہیں۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب کی قومی اسمبلی میں نشستیں اہمیت رکھتی ہیں اور اگر پنجاب میں پہلے انتخابات ہوجاتے ہیں اور کسی بھی جماعت کی حکومت بن جاتی ہے چاہے وہ پی ٹی آئی ہو، پی ایم ایل این یا پیپلز پارٹی اس کے اثرات ملکی انتخابات پر پڑیں گے۔ انہوںنے کہا کہ بلوچستان اورسندھ جب چاہتے ہیں کہ ملک میں انتخابات ایک دن ہی رکھے جائیں توضد کیوں ،پورے ملک میں ایک ہی دن الیکشن ہوناچاہیئے۔ سعید غنی نے کہا کہ اگرپنجاب میں انتخابات کروائے گئے تویہ نئے ون یونٹ قائم کرنے کے برابرہوگا۔ انہوںنے کہا کہ سپریم کورٹ میں بیٹھے ہوئے ججزکوہمیں سننا پڑے گا۔ انہوںنے کہا کہ ہرمسئلے کاحل فل کورٹ ہے، سپریم کورٹ کے تمام ججزفیصلہ کریںناکہ تین متنازعہ ججز کوئی فیصلہ کریں۔ سعید غنی نے کہا کہ اس وقت ملک میں جوڈیشل مارشل لا لگا ہواہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ، الیکشن کمیشن اور اسٹیٹ سپریم کورٹ کے ماتحت نہیں ہیں۔