لاہور (نمائندہ خصوصی )مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویزالٰہی سے سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین، اوورسیز پاکستانی ہانگ کانگ کے صدر چودھری گلزار، سابق صدر لاہور بار عاصم چیمہ، چودھری اکرم، سابق وزیر محمد اکرم نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ن لیگ کا الیکشن سے فرار کا مطلب انہیں اپنی شکست صاف نظر آ رہی ہے، انشاءاللہ ایسا ہی ہو گا، ن لیگ کا پنجاب میں الیکشن کا بائیکاٹ کرنا سپریم کورٹ کے حکم کی کھلی خلاف ورزی ہے، مسلم لیگ ن ملک میں غیر جمہوری عمل کو پروان چڑھنا چاہتی ہے ہم اسے سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ بار بار حکمرانوں کو سیف راستہ دے رہی ہے، سپریم کورٹ کے حکم پر پی ڈی ایم مذاکرات کیلئے تو تیار ہے مگر الیکشن کروانے کیلئے تیار نہیں، نا اہل حکمرانوں نے ہٹ دھرمی نہ چھوڑی تو نتائج سنگین ہو سکتے ہیں، سیاسی جماعتیں مذاکرات کے راستے کبھی بند نہیں کرتیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عمران خان کے بغیر پاکستان کی سیاست نا مکمل ہے، پی ڈی ایم کو ہر صورت عمران خان سے مذاکرات کرنا ہوں گے، عوام کی فلاح و بہبود کیلئے سب کو مل کر سیف راستہ نکالنا ہو گا، عمران خان سے مذاکرات کئے بغیر اور کوئی راستہ نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف جمہوری روایات کی علمبردار جماعت ہے، تحریک انصاف نے عوام میں مقبول رہنماﺅں کو ٹکٹ جاری کئے ہیں، عمران خان نے خود تمام امیدواروں کے انٹرویو کر کے ٹکٹ جاری کئے ہیں، آئندہ انتخابات میں انشاءاللہ تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں مرکز سمیت صوبوں میں حکومت بنائے گی۔