لاہور (نمائندہ خصوصی) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے علی امین گنڈا پور کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔پی ٹی آئی رہنما کے خلاف زمان پارک توڑ پھوڑ حملے کے مقدمے میں پولیس نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی، جو انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل نے مسترد کردی۔دوران سماعت ایس پی آفتاب پھلروان نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کے ہمراہی ملزمان سے 7 کلاشنکوف برآمد ہوئیں ۔ ملزم سے تفتیش مکمل کرنی ہے۔ جس پر علی امین گنڈاپور کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کیس سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا ہے، علی امین گنڈاپور ایف آئی آر میں نامزد نہیں ۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے رہنما پی ٹی آئی علی امین گنڈا پور کے جسمانی ریمانڈ کی پولیس کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔بعد ازاں عدالت نے علی امین گنڈا پور کو سندھ پولیس کے حوالے کر دیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے علی امین گنڈا پور کا 2روزہ راہداری ریمانڈ منظور کر لیا۔ عدالت کی جج عبہر گل خان نے سندھ پولیس کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔سندھ پولیس نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کے خلاف اشتعال انگیز گفتگو سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔