اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر مذہبی امور سنیٹر محمد طلحہ محمود نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عازمین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ، حاجیوں کو سہولیات دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ، حاجیوں کی رہنمائی کے لئے تربیت یافتہ معاونین کو بھیجا جائے گا ۔ بدھ کو وزارت مذہبی امور میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حاجیوں کے لئے زرمبادلہ کی ضرورت ہے ،اس کے لئے وزارت خزانہ سے درخواست کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ رواں سال 40 ہزار حاجیوں کی اسلام آباد سے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے ذریعے امیگریشن ہوگی، سعودی سفیر نے اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے کہ آئندہ سال ملک کے دیگر بڑے شہروں کو ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کوشش کر رہے ہیں کہ حاجیوں کو ہر قسم کی مشکلات سے نجات دلائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک سے گزارش کی ہے کہ حج کے حوالے سے فنڈز کے اجرا میں پہلے ہی تاخیر ہو چکی ہے اس لئے جلد از جلد یہ جاری کئے جائیں کیونکہ ڈی جی حج مکہ نے بھی رقم کا کہا ہے کیونکہ ابھی تک رہائشی عمارتوں، ٹرانسپورٹ اور حاجیوں کے لئے کھانے کے انتظامات کو حتمی شکل دینی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال حاجیوں کی سہولت کے لئے تربیت یافتہ حج معاونین کا انتخاب باقاعدہ انٹرویو کے بعد کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ رواں سال ایک لاکھ 80 ہزار کے قریب پاکستانیوں نے حج کی سعادت حاصل کرنی ہے۔میں خود حج انتظامات کی نگرانی کے لئے سعودی عرب جا رہا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ مئی کے آخر میں حج آپریشن شروع ہو جائےگا ،حج فلائٹ آپریشن میں سرین ایئرلائن، پی آئی اے ، ائیر بلیو اور سعودی ایئرلائن حصہ لیں گی ، پی آئی اے سے حاجیوں کو بعض مسائل کا سامنا ہوتا ہے اس سلسلے میں شہری ہوا بازی کے وزیر خواجہ سعد رفیق سے بھی گزارش کروں گا کہ وہ اس سلسلے میں ہماری سپورٹ کریں ۔ میڈیا سے بھی گزارش ہے کہ میری سپورٹ کریں تاکہ اللہ کے مہمانوں کی ہم زیادہ سے زیادہ خدمت کرسکے اور اس سلسلے میں حائل مشکلات کو دور کر سکیں۔