لاہور( نمائندہ خصوصی ) مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان اس وقت پاکستانی قوم کی واحد امید ہیں،موجودہ حالات میں عمران خان ہی پاکستان کی کشتی پار لگا سکتے ہیں،برف پگھل چکی ہے امریکہ کو بھی اپنی غلطی کا احساس ہو گیا ہے،حکومت جتنے چاہے مقدمے بنالے انکوئریاں کرا لے، عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری افضل ساہی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے گزشتہ روز یہاں ان سے ملاقات کی ۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا پی ڈی ایم کی خام خیالی ہے کہ وہ اب عمران خان کا راستہ روک سکتی ہے۔حکومت کے منفی پروپیگنڈے سے عالمی برادری میں پاکستان کا امیج خراب ہو رہا ہے۔حکومت دنیا کو پیغام دے رہی ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال بن چکا ہے۔چودھری پرویزالٰہی نے کہا حکومت کہتی ہے کہ پاکستان ایک صوبہ میں الیکشن کرانے کی پوزیشن میں ۔جب حکومت خودیہ منفی پروپیگنڈا کرے گی تو کون پاکستان میں سرمایہ کاری کرے گا۔حکومت صرف الیکشن سے فرار کیلئے بائیس کروڑ عوام کی قسمت سے کھیل رہی ہے: چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا شہبازشریف حکومت کے ملک دشمن بیانیے سے صرف بھارت کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔یہ بھارت کا بیانیہ ہے کہ پاکستان دنیا کا ”خطرناک ترین“ ملک بن چکا ہے۔