سرینگر(کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی بر ادری اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت اور مقبوضہ علاقے کی جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند تما م حریت رہنماﺅں ، کارکنوں اور عام کشمیریوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کشمیری نظربندوں کی حالت زار پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیشتر نظر بند دو دہائیوں سے زیادہ عرصے سے جیلوں میں ہیں جن میں ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، غلام قادر بٹ، نذیر احمد شیخ، محمد ایوب ڈار، محمد ایوب میر، جاوید احمد خان، واحد احمد نائیکو، فیروز احمد ڈار، عبدالحمید تیلی، محمد علی بھٹ، طارق احمد متو، محمود ٹوپی والا، بشیر احمد پانو، فیاض احمد، شریف دین گجر، پیر محمد اشرف ، عبدالغنی گونی، لطیف احمد واجہ، علی محمد کلیے، خالد محمود پہلوان، مقصود احمد بھٹ، فیروز احمد بٹ، پرویز احمد میر، محمد عباس وانی، فاروق احمد شیخ، عبدالمجید بابا ،فہد اللہ اور دیگر شامل ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ نظر بند رہنماو¿ں، کارکنوں اور نوجوانوں کو جیلوں میں ظلم وستم اور کشمیر مخالف تعصب کا نشانہ بنایا جاتا ہے ۔ انہیں طبی سمیت دیگر بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ تما م تر تکالیف اور مشکلات کے باوجود نظربندوں رہنماو¿ں اور کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ کشمیر کاز کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔انہوںنے کہا کہ بھارت قتل و غارت، غیر قانونی نظر بندیوںاور جبر واستبداد کے دیگر ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبا نہیں سکتا۔
ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام نظر بندوں کے حوصلے اور عز م وہمت کو سلام پیش کرتے ہیں اور انکی عظیم قربانی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس، عالمی ریڈ کراس کمیٹی ، ایشیا واچ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت انسانی حقوق کی تمام مقامی اور بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ نظر بند کشمیریوں کی رہائی اور تنازعہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کے لیے اپنا کردار کریں۔