پیرس( نیٹ نیوز )بھارت کے غیرقانونی طور پر زیرقبضہ جموں کشمیر سے تعلق رکھنے والے انسانی حقوق کے علمبردار خرم پرویز انٹرنیشنل فیڈریشن فار ہیومن رائٹس کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے ہیں۔خرم پرویز نومبر 2021ء سے مسلسل غیرقانونی طور پر قید ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فرانس میں قائم انسانی حقوق کی تنظیموں کی غیر سرکاری فیڈریشن نے اپنی ویب سائٹ پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ فیڈریشن ننے ہمیشہ حقوق ، انصاف ، امن اور وقار کا دفاع کرنے والوں کے ساتھ دیا ہے ۔انٹرنیشنل فیڈریشن فار ہیومن رائٹس کے صدر ایلس موگوے نے کہاہے کہ بورڈ نے فیڈریشن کے نیٹ ورک سے ایک شخصیت کا انتخاب کیا ہے ، جس کیلئے ہم اسکے مشکور ہیں۔انہوں نے کہاکہ خرم پرویز سچائی ، انصاف اور انسانی حقوق کیلئے اپنی جدوجہد کی وجہ سے جیل میں قید ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ ان کی جدوجہد ہماری جدوجہد ہے۔خرم پرویزسرینگر سے تعلق رکھنے والے ایک محنتی کارکن کی حیثیت سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے سنگین صورتحال کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ وہ دوران حراست لاپتہ کشمیریوں کے والدین کی ایسوسی ایشن (اے پی ڈی پی) اور جموں و کشمیر کولیشن آف سول سوسائٹی کے ساتھ کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔وہ ایشین فیڈریشن اگینسٹ انوولنٹری ڈسپیئرنس کے صدر بھی ہیں۔ ایک وکیل کے طور پر ان کی توجہ علاقائی سطح پر جبری گمشدگیوں ، جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی دستاویزات مرتب کرنے ، قانونی چارہ جوئی اور نوجوان کے حقوق کے محافظوں کی تربیت پر مرکوز ہے۔خرم پرویز کو 22 نومبر 2021ء کو بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کے اہلکاروں نے سرینگر میں ان کے گھر اور جے کے سی سی ایس کے دفتر پر چھاپے کے بعد گرفتار کیا تھا۔ اس کے بعد سے ، خرم پر متعدد جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کئے گئے ہیں ۔ اقوام متحدہ نے ان کی گرفتاری کو "انسانی حقوق کے علمبردار کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کی کارروائی قرار دیا ہے جس کا واحد مقصد انہیں خاموش کرانا ہے ۔مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے کے لیے ان کے انتھک کوششوں کے اعتراف میں ، خرم پرویز کو انسانی حقوق کے علمبرداروں کیلئے مارٹن اینالز ایوارڈ 2023ء سے نوازا گیا ہے ۔