کراچی(نمائندہ خصوصی) محکمہ صحت سندھ نے وعدے کے مطابق سندھ بھر میں مفت میت گاڑی سروس کا آغاز کردیا ہے،ڈی جے اسپورٹس کمپلکس میں محکمہ صحت سندھ کے زیر اہتمام 1122 کی میت گاڑی سروس کا افتتاح کردیا، سندھ انٹیگریٹڈ ایمرجنسی اینڈ ہیلتھ سروسز (SIEHS) اس سروس کو آپریٹ کرے گی۔وزیر صحت و بہبود آبادی سندھ ڈاکٹر غذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بہت چہ میگوئیاں ہو رہی تھیں، کہا جا رہا تھا یہ گاڑیاں خراب کھڑی ہیں، ہم ان ہی گاڑیوں کو تیار کر رہے تھے اس لیے تاخیر ہوئی۔انہوں نے کہاکہ میت وین کے لیے یہ الگ سے سروس شروع کی ہے، ابتدائی طور پر 25 وین سے اس سروس کا آغاز کیا ہے، 8 کراچی جبکہ 5 دیگر اضلاع میں یہ وینز فراہم کی جائیں گی۔بقیہ تمام میت گاڑیاں ضلعی ہیڈ کوارٹر پر موجود ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ انشااللہ جلد ہی 1122 کی 330 ایمبولنسز ہوجائیں گی، 1122 کی میت گاڑی سروس اور ایمبولنس سروس مفت فراہم کریں گے،میت گاڑی کا سسٹم 1122 کی ایمبولینس کی طرح کام کرے گا۔انہوں نے کہاکہ میت وین کی فراہمی کے لیے مناسب ایس او پیز قائم کیے گئے ہیں۔ یہ سروس پہلے آئیں پہلے پائیں کی بنیاد پر ان لوگوں کو بغیر کسی معاوضے کے دی جائے گی جو استطاعت نہیں رکھتے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی اسپتال سے میت کو اس سروس کے ذریعے منتقل کیا جاسکے گا۔ یہ سروس ابتدائی طور پر صرف ضلع کے اندر نقل و حمل کے لیے ہوگی۔یہ سروس 1122 ڈائل کرکے پورے سندھ میں حاصل کی جاسکے گی ۔سندھ انٹیگریٹڈ ایمرجنسی اینڈ ہیلتھ سروسز (SIEHS) اور محکمہ صحت سندھ کی رہنمائی میں عملہ خدمات فراہم کرے گا۔ایک سوال کے جواب میں وزیر صحت نے مزید کہا کہ جن ڈاکٹروں کا ڈومیسائل جن اضلاع کا تھا ان کو وہاں ٹرانسفر کرنے کی کوشش کی،تاکہ اندرون سندھ کے ان اضلاع میں ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کیا جاسکے،کچھ ڈاکٹروں نے ہمیں بلیک میل کیا،مگر اسپتال بند نہ ہوں اس لیئے ہم نے ان کی اندرون سندھ تعیناتی کا نوٹیفیکیشن واپس لیا۔عذراپیچوہو نے کہا ہے کہ ملک میں ادویات کا معاملہ ڈریپ کے پاس ہے، سندھ حکومت ادویات ساز کمپنیوں کےخلاف کارروائی نہیں کرسکتی۔انہوں نے کہا کہ لوگ اب گھروں میں بھی کورونا کا علاج کررہے ہیں، عید کا موقع ہے شہریوں کے لیے احتیاط کرنا ضروری ہے۔عذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ ریبیبز کی ویکسین مذید منگوارہے ہیں۔