کراچی(نمائندہ خصوصی) پیٹرول پمپس ڈیلرز ایسوسی ایشن نے عوام کو سستے پیٹرول کی فراہمی کی اسکیم کو ناقابل عمل قرار دے کر اس کی مخالفت کردی۔ چیئرمین عبدالسمیع نے اس ضمن میں کہاکہ ادائیگی کے طریقہ کار پر تحفظات ہیں۔انہوں نے کہاکہ سسے پیٹرول کی فراہمی کی اسکیم ناقابل عمل ہے، اس کی ادائیگی کے طریقہ کار پر تحفظات ہیں، ادائیگی بروقت نہیں ہوگی تو یہ نیا گردشی قرض بنے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو کوڈ کے بجائے پرچی دی جائے توپھرسوچا جاسکتا ہے۔ وزارت پیٹرولیم نے پیٹرول پمپس ڈیلرز کے تحفظات کا معاملہ اوگرا کے حوالے کردیا۔حکومت نے 800 سی سی سے کم گاڑیوں، موٹر سائیکلوں کو مقررہ قیمت سے 100 روپے فی لیٹر سستا پیٹرول فراہم کرنے کی اسکیم لانے کا اعلان کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق حکومت ون ٹائم پاسورڈ کے ذریعے صارفین کو سستا پیٹرول دینا چاہ رہی ہے۔