خیبر(نمائندہ خصوصی) خیبرپختونخوا میں ضلع خیبر کے علاقے طورخم بارڈر پر بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے سبب پہاڑی تودہ گرنے سے 20 سے زیادہ ٹرک دب گئے جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور درجنوں افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنر عبدالناصر خان نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ 20 سے 25 کنٹینرز ملبے میں دبے ہوئے ہیں، لینڈ سلائیڈنگ کے سبب 2 افغان شہری ہلاک ہو گئے ہیں، حکام ان کی لاشوں کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔علاوہ ازیں ترجمان ریسکیو 1122 بلال فیضی نے بتایا کہ 8 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ، لینڈ سلائیڈنگ کے فورا بعد آگ بھڑک اٹھی تھی کیونکہ ٹرک ڈرائیورز چولہے پر سحری تیار کررہے تھے، تاہم اب آگ پر قابو پالیا گیا ۔بلال فیضی نے بتایا کہ ملبہ بڑے پیمانے پر پھیلا ہوا ہے اور ریسکیو آپریشن جاری ہے جس میں 60 سے زائد ریسکیو اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سرچ آپریشن میں 12 ایمبولینسز، 4 فائر ویکلز، 3 ریکوری ویکلز اور 3 ہیوی ایکسیویٹر کو استعمال کیا جا رہا ہے، اب تک 8 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جاچکی ہے جبکہ 4 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔حکام کی جانب سے فراہم کردہ تصاویر میں ٹرک کے کنٹینرز پتھروں کے ڈھیر میں دبے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔