کراچی(نمائندہ خصوصی) بزنس مین گروپ کے چیئرمین اور ٹی ڈی اے پی کے سر براہ زبیرموتی والا نے کہا ہے کہ ہماری صلاحیت 150بلین ڈالر کی ہے، آئی ایم ایف کو نظر آرہا ہے کہ پاکستان کی معیشت اب اوپر جائے گی، ملکی ایکسپورٹ میں اضافہ ہوگا ،یہ ہمارے لیے خوش آئند بات ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گل پلازہ مارکیٹ ایم اے جناح روڈ کی جانب سے لگائے گئے پولیس رپورٹنگ کیمپ کے دورے کے موقع پر کیا۔اس موقع پر گل پلازہ مینیجمنٹ کمیٹی کے وائس چیئرمین تنویر پاستا ، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر توصیف احمد ، نائب صدر حارث اگر ، چیمبر پولیس لائزن کمیٹی کے چیف حفیظ عزیز ، اللہ والا مارکیٹ کے آصف گلفام ،جامع مال کے صدر دلشاد بخاری ، شاکر فینسی اور دیگر موجود تھے۔زبیر موتی والا نے کہا کہ تنویر پاستا کے حوالے سے میں یہی کہوں گا کہ گل پلازہ مارکیٹ والے خوش قسمت ہیں کہ ایک ایسا نوجوان تاجر ان کے ساتھ ہے جو ان کی خدمت کے لیے اپنے جیب سے خرچ کرکے لوگوں کے کام کرتا ہے ،ان کے پولیس کیمپ میں آکر ایسا محسوس ہوا ہے جیسے ہم فائیو اسٹار ہوٹل میں آگئے ہیں۔ اس موقع پرگل پلازہ مینجمنٹ کمیٹی کی جانب سے لگائے گئے پولیس رپورٹنگ کیمپ پر پولیس کے افسران نے بھی دورے کیے جبکہ کمیپ میں شہریوں کی سہولت کے لیے خواتین پولیس اہلکار بھی تعینات ہیں۔زبیرموتی والا نے کہا کہ ہمارے لیے شرم ناک بات ہے کہ 75سال کے باوجود ہماری ایکسپورٹ 30بلین ڈالرہے۔ زبیر موتی والا نے کہا کہ تنخواہیں اتنی نہیں بڑھ سکتی ہیں ،جتنی مہنگائی بڑھی ہے ،مہنگائی جب تک کم نہیں ہوتی ہے صورتحال بہتر نہیں ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے لپیٹ میں صرف پاکستان نہیں ہے اس سے پوری دنیا متاثر ہے ، انگلینڈ میں سپر اسٹور سے کوئی 3انڈوں سے زیادہ خرید نہیں سکتا ہے، امریکا میں گزشتہ 200سال میں اتنی مہنگائی نہیں ہوئی ، اس کے ساتھ ماحولیاتی تبدیلی، سیلاب اور دیگر مسائل بھی ہیں، ہمیں اللہ سے بھی معافی مانگنی چاہیے اور حکومت کے لیے دعا کرنی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ بزنس کی ناک نہیں ہوتی ہے، کتنا بھی سیاسی عدم استحکام ہو اگر آرڈر ہم نے لیا ہے تو پورا کرنا ہماری ذ مے داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کہیں نہیں جارہا ہے جو چیزیں خراب ہیں اس کی بہتری کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہے، لوگ جو یہ کہتے ہیں ہم باہر چلے جائیں جب سارے لوگ باہر جانا چاہیں گے تو ملک کے حالات ٹھیک کون کرے گا ۔