اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) پنجاب میں انتخابات کےلئے فنڈز فراہمی کے معاملے پر سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود الیکشن کمیشن کو تاحال 21 ارب موصول نہ ہو سکے ۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے بھی خاموشی اختیار کی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق حکومت نے سپریم کورٹ کا نیا حکم نامہ قومی اسمبلی خزانہ کمیٹی کو بھجوا دیا ۔قومی اسمبلی کی خزانہ کمیٹی کا اجلاس آج(پیر کو ) طلب کرلیا گیا ۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین قیصر احمد شیخ کریںگے۔اجلاس میں سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق فنڈز جاری کرنے سے متعلق فیصلہ ہوگا ۔ اجلاس میں گورنر سٹیٹ بنک اور آڈیٹر جنرل کے علاوہ وزیر تجارت نوید قمر کو بھی شرکت کی خصوصی دعوت دی گئی ہے ۔قائمہ کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش ہوگی پھر الیکشن کمیشن کو فنڈز کی فراہمی بارے فیصلہ ہوگا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بھی اجلاس میں شرکت کا نوٹس بھجوایا گیا ہے۔