دبئی(نمائندہ خصوصی) دبئی کی ایک رہائشی عمارت کی چوتھی منزل میں آگ لگنے سے 16 افراد جان سے گئے جبکہ نو زخمی ہو گئے۔عرب ٹی وی کے مطابق دبئی کے شہری دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ آگ لگنے کا یہ جان لیوا واقعہ گذشتہ روز الراس میں الخلیج اسٹریٹ کے قریب ایک پانچ منزلہ عمارت میں پیش آیا، جہاں پرانی دیرہ مارکیٹ بھی واقع ہے۔ الراس شہر کے شہر کے گنجان آباد علاقوں میں ایک اور پرانے سوق ضلع میں دبئی کریک کے کنارے پر ہے۔دبئی سول ڈیفنس آپریشنز روم کو سب سے پہلے مقامی وقت کے مطابق 12 بج کر 35 منٹ پر آگ لگنے کی اطلاع دی گئی۔ شہری دفاع کی ٹیم چھ منٹ میں موقعے پر پہنچ گئی اور لوگوں کو عمارت سے نکالنے اور آگ بجھانے کی کارروائیوں کا آغاز کر دیا۔پورٹ سعید فائر سٹیشن اور حمریہ فائر اسٹیشن کی ٹیموں نے آگ بجھانے کی کارروائیوں کا بیک اپ فراہم کیا۔ آگ پر دو بج کر 42 منٹ پر قابو پا لیا گیا جس کے بعد متاثرہ عمارت کو ٹھنڈا کرنے کی کارروائی شروع کر دی گئی۔سماجی کارکن نصیر وتنپلی نے، جو مرنے والے افراد کی شناخت میں مدد کے لیے ہفتے کی رات دبئی پولیس کے مردہ خانے میں موجود تھے، کہا کہ وہ دبئی پولیس، دبئی میں انڈین قونصل خانے، دیگر سفارتی مشنز اور فوت ہونے والوں کے دوستوں اور رشتہ داروں کے ساتھ رابطے میں مصروف رہے۔انہوں نے اخبار کو بتایا کہ اب تک ہم چار انڈین شہریوں کی شناخت کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں جن میں کیرالہ کا ایک جوڑا اور عمارت میں کام کرنے والے تمل ناڈو کے دو مرد حضرات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ تین پاکستانی کزنز اور ایک نائجیرین خاتون کی شناخت ہوئی ہے۔