لاہور( نمائندہ خصوصی ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے گزشتہ روز زیر تعمیر لاہور برج اور سی بی ڈی انڈر پاس کا دورہ کیا اور وہاں جاری کام کی رفتار کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ اس منصوبے پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے ۔لاہور برج کی کنسٹرکشن سائٹ کے دورہ کے دوران وزیر اعظم محمد شہباز شریف کوآگاہ کیا گیا کہ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے یہ منصوبہ 2021میں 1712ملین روپے کی لاگت سے شروع کیا مگر این او سی نہ ملنے کی وجہ سے یہ منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا۔ وزیر اعظم نے کام کی رفتا ر اور لیسکو کے شٹ ڈاﺅن پروگرام پر ناراضگی کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے اس تاخیر کا باعث بننے والے حکام کے خلاف قانونی کارووائی کرنے کی ہدایت کی اور یہ پراسیس دو ہفتوں میں مکمل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔انہوں نے متعلقہ حکام کو تعمیراتی کام دو کی بجائے ایک ماہ کے عرصہ میں مکمل کرنے کا وقت دیا ۔نگران وزیر اعلی پنجاب سید محسن نقوی،چیف سیکرٹری پنجاب اور دیگر اعلی حکام بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔انہوں نے منصوبے کی توثیق کیلئے تھرڈ پارٹی کی خدمات حاصل کرنے کا سوال اٹھایا اور تعمیراتی کمپنی کی قیمت پر معروف تھرڈ پارٹی کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی ۔وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے زیادہ کام کرنے والی افرادی قوت کو خصوصی مراعات بھی دی جائیں۔