خضدار (نمائندہ خصوصی )ضلع خضدار میں کوئٹہ-کراچی نیشنل ہائی وے پر ٹرک اور کار میں تصام کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکار جاں بحق ،ایک شدید زخمی ہو گیا۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) خضدار فہد کھوسہ کے مطابق ہفتہ کی درمیانی شب کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ وڈھ شہدا لیویز چیک پوسٹ کے مقام پر کار اور ٹرک کے درمیان تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکار جاں بحق اور گاڑی کے ڈرائیور شدید زخمی ہوگئے۔انہوںنے بتایاکہ پولیس اہلکار کوئٹہ میں ٹریننگ کورس پر تھے جو عید کی چھٹیاں منانے لسبیلہ اور حب چوکی جارہے تھے، جاں بحق اہلکاروں کی شناخت عبدالجبار ساکن وندر، طلحہ خیر ساکن حب، دھنی بخش، عبدالمجید اور محمد اسلم ساکنان بیلہ کے نام سے ہوئی۔انہوںنے بتایا کہ لاشوں اور زخمی کو وڈھ ہسپتال منتقل کیا گیا، پولیس نے واقعے سے متعلق تحقیقات شروع کردیں۔خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر مذہبی امور مولانا عبدالشکور سڑک بھی حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔پولیس کے مطابق مولانا عبدالشکور میریٹ سے سیکریٹریٹ چوک کی طرف جارہے تھے، اسی دوران ہائی لکس ریوو نے مولانا عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر ماری جس میں پانچ آدمی سوار تھے۔پولیس کے مطابق مولانا عبدالشکور کو پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے، گاڑی اور اس میں سوار افراد کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔