کراچی( نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی کو گزشتہ روز کراچی سے گرفتار کیا گیا تھا جنہیں اتوارکو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا آج(پیر)پیش کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر اور سابق وفاقی وزیر علی زیدی کو ہفتے کی شام کراچی سے گرفتار کیا گیا تھا اور اتوارکو ریمانڈ کے لیے ملیر کی عدالت پیش کیا جانا تھا تاہم انہیں پیش نہیں کیا گیا۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ علی زایدی کی گرفتاری اتوار کے روز 16 اپریل کی تاریخ میں ظاہر کی گئی ہے اور انہیں آج(پیر)ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما اور وکلا علی زیدی کی عدالت میں پیشی کے حوالے سے صبح سے ہی ملیر کورٹ پہنچ گئے تھے۔علی زیدی کے وکیل نے کہا کہ علی زیدی کو 10 سال پرانے کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔ انہیں کب عدالت میں پیش کیا جائے گا کچھ پتہ نہیں۔ ہم نے ضمانت کے لیے تمام کاغذات پورے کر لیے ہیں جب کہ ان کے اغوا کی درخواست بھی درخشاں تھانے میں جمع کرادی گئی ہے۔پی ٹی آئی کراچی کے صدر آفتاب صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صبح 8 بجے سے یہاں موجود ہیں۔ وکلا بھی آچکے ہیں لیکن علی زیدی کو پیش نہیں کیا گیا جب کہ کسی کو بھی گرفتاری کے 24 گھنٹے کے اندر عدالت میں پیش کرنا ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ سیاسی کارکنوں، صحافیوں اور وکلا کو اٹھایا جا رہا ہے لیکن عوام جاگ چکے ہیں کیونکہ عوام نے انہیں شعور دے دیا ہے۔ یہ ان کی غلط فہمی ہے کہ لوگ اب خاموش رہیں گے۔