لاہور (نمائندہ خصوصی ) وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ عوام دو سے تین ماہ میں دیکھیں گے پاکستان کی معاشی سمت بہتر ہوتی ہوئی نظر آئے گی اورنتائج ملنے شروع ہو جائیں گے، انتہائی مشکل حالات میں مفت آٹے کی فراہمی بہت بڑا کارنامہ ہے ،نواز شریف کی سربراہی میں چیلنجز پر قابو پائیں گے ،عمران خان کی حکومت نے ہمارے سارے منصوبے بند کر دئیے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے شاہدرہ فلائی اوور کی تعمیر اور میٹرو بس سروس کو شاہدرہ سے کالا شاہ کاکو تک توسیع دینے کے منصوبوں کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو اس انتہائی اہم منصوبے کا افتتاح اوربریفنگ لینے کے لئے یہاںآئے ۔ آج کا دن خوشی کا باعث ہے کہ وہ منصوبہ مکمل ہونے جارہا ہے جس کی پچاس سال سے ضرور ت تھی ،جی ٹی روڈ پر ٹریفک کے شدید رش کی وجہ سے اطراف کی آبادیوں کے لئے بہت بڑا مسئلہ تھا اور یہ مسئلہ گھمبیر ہوتا رہا ، یہاں گھنٹوں ٹریفک بلاک رہتی تھی ۔انہوں نے کہا کہ 2017ءمیں نواز شریف کے دور میں اس فلائی اوور کی منظوری دی اور دیگر مراحل مکمل ہوگئے تھے اور جب شاید خاقان عباسی وزیراعظم بنے تو انہوںنے اس کا افتتاح بھی کیا لیکن اس وقت کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے انتخابات سے کئی ماہ پہلے ہی جتنے بھی ترقیاتی منصوبے تھے ان کو بند کردیا ۔جب عمران خان کی حکومت آئی تو اس نے ہمارے دور کے سارے منصوبے اور ساری سکیمیں اور خصوصاً اس حلقے کی چھ سکیمیں ختم کردیں ۔ انہوںنے چار سال پاکستان کا اور ا س قو م کا وقت ضائع کیا اور جو منصوبے نواز شریف کی حکومت نے شروع کئے تھے ،شہباز شریف نے بطور وزیر اعلیٰ شروع کئے تھے انہیں روک دیایا ختم کر دئیے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ایک مثالی صوبہ تھا ،دوسرے صوبوں سے آنے والے لوگ کہتے تھے کہ یہ پاکستان کا حصہ ہے یا پیرس ہے ۔ چار سال میں جو ملک کا نقصان کیا ہے وہ ناقابل تلافی ہے ۔انہوںنے کہا کہ موجودہ اتحادی حکومت کو آئے ایک سال ہوا ہے ،وزیرا عظم نا مساعد معاشی حالات کے باوجود دن رات لوگوں کو ریلیف دینے میں لگے ہوئے ہیں ، ملک کے جو معاشی حالات ہیں یہ کسی سے ڈھکے چھپے نہیں اس کا ذمہ دار عمران خان ہے، اس کا بچے بچے کو پتہ ہے ، اس نے ملک کو مشکل حالات میں دھکیل دیا تھا لیکن پاکستان خطرات سے نکل آیا ہے ، آج دور دور تک ڈیفالٹ کا خطرہ نہیں ،آئی ایم ایف بھی کہہ رہا ہے کہ ڈیفالٹ کا خطرہ نہیں ، دوست ممالک جو ہم سے دور ہوگئے تھے وہ بھی مدد کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عدم استحکام کی جو صورتحال پیدا کی ہوئی ہے اس کا جو منشور اورایجنڈا تھا یہ اس پر آج بھی کاربند ہے بلکہ زیادہ درجہ حرات بڑھایا ہے جس کی وجہ سے گورننس میں دشواریاں آتی ہیں۔ نگران پنجاب حکومت نے وزیر اعظم کی رہنمائی میں گورننس کو بہتر کیا ہے ، عثمان بزدار اورپرویز الٰہی کے دور میں کرپشن کا لیول کہاں چلا گیا تھا ۔ موجودہ حکومت نے مشکلات دور کی ہیں اور عوام کو ریلیف دیا جائے ، مفت آٹے کی تقسیم لینڈ مارک فیصلہ ہے ،یہ غریبوں کے لئے ایک بڑا ریلیف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو دوبارہ بہتری کی طرف لے کر جائیں گے ۔