اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ سستے تیل کیلئے روس کیساتھ کمرشل ڈیل آخری مراحل میں ہے، جلد فائنل ہو جائے گی۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہاکہ روس کے ساتھ تمام معاملات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جلد ہی ہم اپنا پہلا آرڈر دیں گے، کوشش کرینگے جلد سے جلد پہلا جہاز پہنچ جائے، آرڈر کے بعد ہی حتمی تاریخ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ روس کے ساتھ ٹرانسپورٹیشن اور انشورنس کے تمام معاملات طے ہو چکے ہیں، تفصیلات ابھی سامنے نہیں لاسکتے، پہلے ایک ہی بڑا کارگو آئے گا، مختلف قسم کے خام تیل کو مکس کیا جاتا ہے، ہماری کوشش ہوتی ہے کہ فرنس آئل کم، ڈیزل اور پٹرول زیادہ پیدا ہوں۔مصدق ملک کا مزید کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ کے حساب سے ہمیں رعایتی نرخوں پر خام تیل ملے گا، ایک لاکھ بیرل خام تیل درآمد کرنے کا ٹارگٹ ہے، کمرشل ڈیل آخری مراحل میں ہے، جلد فائنل ہو جائے گی۔