اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پی ایس ایم پنجاب زون کے رمضان المبارک سے عیدالفطر تک 20ہزار میٹرک ٹن چینی 95روپے فی کلو کے حساب سے عوام کوفراہم کرنے کے فیصلے کی توثیق کردی ہے جبکہ نوجوانوں کےلئے ای رکشہ اور بائیکس کی منظوری بھی دےدی۔ جمعہ کو وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ای سی سی اجلاس ہوا جس میں وزارت صنعت و پیداوار کی ای بائیکس اور رکشہ کی عوام کو فراہمی کی سمری پیش کی گئی۔ای سی سی نے ای رکشہ اور بائیکس کی منظوری دے دی۔ای بائیکس اور رکشہ وزیراعظم کے یوتھ بزنس اور ایگریکلچرل لون سکیم کے تحت دئیے جائینگے اس اسکیم کے تحت وجوانوں کو ٹائر ون کے تحت پانچ لاکھ روپے تک کا بلاسود قرض دیا جائےگا۔قرض تین سال کےلئے دیا جائےگا،وزارت تجارت کی کسٹم اسٹیشن انگوراڈا کو ایکسپورٹ روٹ ڈکلیئر کرنے کی سمری کو منظور کرلیا گیا، انگور اڈا کو افغانستان اور سینٹرل ایشیا کےلئے ایکسپورٹ لینڈ بنانے کی منظوری دے دیدی گئی ہے، وزارت ایوی ایشن کی سمری پر حکومت نے پی آئی اے سی ایل کےلئے 15ارب روپےکی گارنٹی بڑھانے کی بھی منظوری دے دی۔وزارت ہاﺅسنگ کے لئے 261ملین روپے کی منظوری جبکہ وزارت قومی صحت کےلئے 142.5ملین روپے کی بھی منظوری دی گئی ہے،وزارت خارجہ کےلئے 22ملین روپے جبکہ وزارت ہاوسنگ کے رہائشی منصوبوں کی مرمتی اور تزئین وآرائش کےلئے 250ملین روپے کی گرانٹ بھی منظور کرلی ہے۔