اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کراچی میں 2فیکٹریوں میں آگ بجھاتے ہوئے شہید ہونے والے 4فائر فائٹرز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے آتشزدگی کے واقعات پرقابو پانے کےلئے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے آگ بجھانے والے عملے کے شہید جوانوں کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ خلق خدا کی جان بچاتے ہوئے شہید ہونے والے فائر فائٹرز کی بہادری اور خدمت کا جذبہ لائق تحسین ہے۔وزیراعظم نے سندھ حکومت کو شہید فائر فائٹرز کے اہل خانہ کی مالی مدد اور بچوں کی تعلیم وکفالت کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کےلئے دعاکی۔