اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )سپیکر راجہ پرویز اشرف نے ”آئین آف پاکستان“کے حوالے سے موبائل اپلیکشن اور خصوصی یادگاری سکے کا اجراءکر دیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو پچاس روپے مالیت کا یادگاری سکہ جاری کر دیاگیا ،سپیکر نے گولڈن جوبلی کے حوالے سے اٹھارہ رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔سپیکر راجہ پرویز اشرف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ آئین کی گولڈن جوبلی منانا اہم پیش رفت ہے،ملک 25 سال تک بے آئین رہا۔انہوںنے کہاکہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں پارلیمان نے ملک کو 1973 میں متفقہ آئین دیا،آئین پاکستان نے وفاق اور اسکی تمام اکائیوں کو جوڑ کر رکھا ہوا ہے ،زندہ قومیں اپنے محسنوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں۔راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ ہم نے آئین پاکستان کے حوالے سے نئی نسل کو پوری آگاہی دینی ہے،جن اکابرین نے ملک کو متفقہ آئین دیا ان سب پر ہمیں فخر ہے۔انہوںنے کہاکہ ان تمام سیاسی اکابرین نے اپنے اختلافات بالائے طاق رکھ کر متفقہ آئین دیا،آج بھی ہمیں اسی جذبے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ آج بھی ہمیں اپنے تمام سیاسی اختلافات پارلیمان کے فورم پر حل کرنے کی ضرورت ہے، اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے۔۔انہوںنے کہاکہ پارلیمان ملک میں تمام اداروں کا سپریم ادارہ ہے۔انہوںنے کہاکہ خصوصی ویب سائٹ کے اجراءپر چیئرمین نادرا کا بہت مثبت کردار ہے،چیئرمین نادرا نے ہمیشہ ہماری ہر ہدایت کو احسن طریقے سے نبھایا ہے۔راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ آئین کی گولڈن جوبلی کی تقریبات کے کامیاب انعقاد پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا کردار بھی قابل تعریف ہے۔