اسلام آباد(کے ایم ایس) آپریشن سوفٹ ریٹارٹ کے دوران بھارت کا MI-17ہیلی کاپٹر گرائے جانے کے بارے میں پاکستان کا دعویٰ سچ ثابت ہواہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فضائیہ کے گروپ کیپٹن سمن رائے چوہدری کی کورٹ مارشل رپورٹ نے سارا بھانڈہ پھوڑ دیا۔گروپ کیپٹن سمن رائے چوہدری اور ونگ کمانڈر شیام نیتھانی نے پاک فضائیہ کی جوابی کارروائی کے دوران گھبراہٹ میں اپنا ہی ہیلی کاپٹر مار گرایا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فضائیہ کا گروپ کیپٹن اپنی ہی قیادت کے بلنڈر کی بھینٹ چڑھ گیا۔بھارتی فضائیہ کی طرف سے گروپ کیپٹن سمن رائے چوہدری کوکورٹ مارشل اور ونگ کمانڈر شیام نیتھانی کو شدید سرزنش کی سزا سنا ئی تھی۔ہیلی کاپٹر گرائے جانے کے نتیجے میں بھارتی فضائیہ کے 6اہلکاروں سمیت 7افراد ہلاک ہوئے تھے ۔گروپ کیپٹن سمن رائے چوہدری پر حکم عدولی کرنے اور بد حواسی میں میزائیل یونٹ کو اپنا ہی ہیلی کاپٹر مار گرانے کی ہدایت دینے پر کورٹ مارشل کیا گیا۔گھبراہٹ اور پریشانی کے عالم میں دئیے گئے احکامات سے بھارتی فضائیہ کو 133.3کروڑ کا نقصان پہنچا۔پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے اسی وقت بھارتی بلنڈر کا بھانڈا پھوڑا دیا تھا جسے بھارت نے مسترد کرتے ہوئے من گھڑت اور جھوٹ قرار دیا تھا۔گروپ کیپٹن سمن رائے چوہدری اور ونگ کمانڈر شیام نتھانی کی سزا نے پاکستانی دعوے کی تصدیق کر دی ہے۔آئے روز کے سکینڈلز نے بھارتی افواج کی ساکھ اور عزت خاک میں ملا دی ہے۔آپریشن سوفٹ ریٹارٹ کی ہزیمت کو چھپانے کیلئے ونگ کمانڈر ابھی نندن کو ویر چکرکا اعزاز بھی دیا گیا تھا۔بھارتی عوام کا سوال ہے کہ کیا سکینڈل زدہ بھارتی فوج ایک پیشہ ورانہ فوج کہلانے کی مستحق ہے جو مسلسل اپنے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہی ہے۔