کراچی (نمائندہ خصوصی )شہر قائدمیں مبینہ پولیس مقابلوں میں 3 ڈاکومارے گئے جبکہ 3ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، لیاقت آباد میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں خواجہ اجمیرنگری تھانے کے علاقہ نارتھ کراچی سیکٹر4 بابا موڑکے قریب پولیس اورڈاکوﺅں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں3 مبینہ ڈاکو مارے گئے، ہلاک ملزمان کے قبضے سے 2 تیس بور پسٹل، موبائل فونزاور2 موٹر سائیکلیں برآمد کرلی گئیں۔پولیس حکام کے مطابق گشت پرمامور پولیس اہلکاروں نے2 موٹرسائیکل پرسوار3 مشکوک افراد کورکنے کا اشارہ کیاتوملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس پرفائرنگ کردی جس پرپولیس کی جوابی فائرنگ کی گئی اور3 مبینہ ڈاکوﺅں کوہلاک کردیا گیا، ہلاک کیے گئے ڈاکوﺅں کی شناخت تلاش ڈیوائس کی مدد سے رشید عرف بابو ولدمعین الدین،ذیشان عرف چھوٹو ولد تاج الدین اوراویس ولد ریاض کے ناموں کی گئی۔پولیس حکام کے مطابق مارے گئے تینوں ڈاکواسٹریٹ کرائم اورڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے،ہلاک ڈاکوﺅں کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی،ہلاک ملزمان کا مزید کرمنل ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے۔ادھرٹیپو سلطان پولیس نے عمرکالونی سکینہ امام بارگاہ کے قریب پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتارکرلیا جبکہ اس کا ساتھی موقع پرسے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتارملزم کی شناخت ایلکس کے نام سے کی گئی اوراس کے قبضے سے غیرقانونی اسلحہ ، 3 چھیننے ہوئے موبائل فونز، پرس اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی زخمی ملزم کو فوری جناح اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ زخمی ملزم کا مزید کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔دوسری سچل پولیس نے سپرہائی وے جمالی پل کے قریب پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتارکرلیا جبکہ اس کا ساتھی موقع پر سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتارملزم کی شناخت دادللہ افغانی ولد غلام حضرت کے نام سے کی گئی اورملزم کے قبضے سے غیرقانونی اسلحہ اورموٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔پولیس کے مطابق دو مسلح ملزمان شہری سے واردات کررہے تھےکہ پولیس موقع پرپہنچی گئی اورفارنگ کے تبادلہ کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتارکرلیا جبکہ ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔