اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوئی۔ کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کی۔کانفرنس کے دوران خطے میں بدلتی ہوئی سمندری صورتحال کا جائزہ اور قومی سلامتی، جیوسٹریٹجک امور، جنگی تیاریوں اور جوانوں کی تربیت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیاگیا. علاوہ ازیں, پاک بحریہ کے جاری منصوبوں اور آئندہ لائحہ عمل کا بھی جائزہ لیا گیا. نیول چیف نے پاکستان کے خلاف کسی بھی ممکنہ جارحیت کا مؤثر انداز سے مقابلہ کرنے کے لیے مستقل جنگی تیاریوں کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا اورجدید ٹیکنالوجیز کے حصول کے ذریعے صلاحیتوں میں اضافے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ نیول چیف نے ملکی بحری سرحدوں کے دفاع کے لیے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ حکومت پاکستان کی پالیسیوں کے مطابق پاک بحریہ کے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاک بحریہ کے جہازوں کے ذریعے حال ہی میں منعقد کیے گئے بین الاقوامی انسانی ہمدردی اور ریلف مشن کے ذریعے زلزلہ سے متاثرہ ممالک ترکی اور شام کی مدد کے لیے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی۔کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس پاکستان بحریہ کا اعلیٰ فیصلہ ساز فورم ہے جس میں چیف آف دی نیول اسٹاف کی سربراہی میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز پاکستان نیوی کی پالیسیوں اور منصوبوں کا جائزہ لیتے ہیں۔