لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان کے زیر صدارت اجلاس میں پی ٹی آئی کی طرف سے عید الفطر کے بعد انتخابی جلسوں کے آغاز کا اعلان کر دیا گیا۔چیئرمین پی ٹی آئی کے زیر صدارت سینئر رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس ختم ہو گیا، اجلاس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی، اجلاس میں پی ٹی آئی کے انتخابی جلسوں کے شیڈول پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا کہ عمران خان عیدالفطر کے بعد انتخابی جلسوں کا آغاز کریں گے، اجلاس میں انتخابی حکمت عملی پر تفصیلی مشاورت کی گئی ہے، اجلاس میں عدلیہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آئینی طریقہ کار پر بھی غور کیا گیا۔ اسد عمر نے کہا کہ پی ڈی ایم آئین سے بغاوت کی بات کر رہی ہے، عمران خان کے خوف سے یہ اس مقام پر پہنچ گئے کہ آئین بھی توڑ ڈالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج رات ملک کے 75 شہروں میں حقیقی آزادی کا جشن ہو گا، پی ڈی ایم کے پاس کوئی بیانیہ نہیں ہے، عدلیہ مخالف بیانیہ برے طریقے سے پٹ چکا ہے۔