بیجنگ (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال سے منگل کوچین کے نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ نے بیجنگ میں ملاقات کی۔اس موقع پر دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال گیا۔ان کے ہمراہ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ،چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق اور سفارتخانہ کے حکام بھی موجود تھے۔دونوں فریقوں نے پاک چین لازوال دوستی اور ” سدا بہار سٹرٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ“ کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔ دونوں فریقوں نے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوو¿ں کا جائزہ لیا جس میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک )کے تحت تعاون، تجارتی، اقتصادی اور مالیاتی تعاون، ثقافتی تبادلے اور عوام کے درمیان تعلقات شامل ہیں اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے ملک کی معاشی مشکلات کو کم کرنے اور کوویڈ 19 وبائی امراض کے درمیان پاکستان کی اہم حمایت پر چینی فریق کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان میں حالیہ سیلابوں کے بعد چین کی فراخدلانہ مدد پر بھی شکریہ ادا کیا۔ اس سال جولائی میں بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) اور سی پیک کی ایک دہائی کی تکمیل کا ذکر کرتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی نے اس سنگ میل کو شایان شان انداز میں منانے کے حکومتی عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کے سماجی و اقتصادی منظرنامے پر اور لوگوں کی معیشت کو بہتر بنانے کے لئے سی پیک کے مثبت اثرات کو بھی سراہا۔