کراچی(نمائندہ خصوصی)موبائل مارکیٹ میں رواں سال کی سب سے بڑی چوری میں ملوث ملزم کو گرفتار کرکے چوری شدہ 23قیمتی فون برآمد کرلیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریڈی پولیس نے کیڈا لا اینڈ آرڈر چیئرمین کے ہمراہ پاسپورٹ آفس کے قریب ہوٹل میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے رواں سال کی سب سے بڑی موبائل چوری میں ملوث ملزم گرفتار کرلیا اور چوری ہونے والے 23 آئی فون برآمد کرلئے۔ایس ایس پی ساﺅتھ اسد رضا نے بتایا کہ ملزم نے 31 مارچ کو اسٹار موبائل مارکیٹ میں چوری کی تھی، مجموعی طور پر 70 لاکھ روپے کے آئی فون چوری ہوئے تھے۔انہوں نے بتایاکہ ملزم پاسپورٹ آفس کے قریب ہوٹل میں ٹھرا ہوا تھا، چوری کے بعد تمام موبائل فون ہوٹل کے کمرے میں رکھے تھے۔ایس ایس پی ساﺅتھ نے کہا کہ گرفتار ملزم نے ایک آئی فون 1 لاکھ 93 ہزار کا فروخت کردیا تھا، جس کے بعد ملزم تین مزید آئی فون فروخت کرنے عبداللہ ہارون موبائل مارکیٹ گیا تو پکڑا گیا۔اسد رضا نے کہا کہ کیڈا لا اینڈ آرڈر چیئرمین منہاج گلفام کو چوری شدہ فونز کی اطلاع ملی، منہاج گلفام نے فوری طور پر پولیس کو آگاہ کیا اور ملزم پکڑا۔کارروائی کے دوران 100 فیصد ریکوری کی گئی جبکہ ملزم نے موبائل فروخت کرکے جو رقم حاصل کی تھی وہ بھی مل گئی، گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مذید تفتیش کا عمل جاری ہے۔