اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیر مملکت برائے قانون و انصاف سینیٹر شہادت اعوان نے کہا ہے کہ رواں سال گیس کی فراہمی ماضی سے بہت بہتر ہے،ہالا میں پی پی ایل کے کنوئیں سے گیس کی فراہمی میں تکنیکی رکاوٹ دور ہوگئی ہے، سیلز ٹیکس میں ایک فیصد اضافے اور روپے کی قدر میں اتار چڑھاﺅ کے باعث گیس کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔ منگل کو وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر مشتاق احمد اورکیشو بائی کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایل پی جی گیس کی قیمت سعودی آرامکو کنٹریکٹ کی قیمت اورڈالر کے اتارچڑھاﺅ کے مطابق طے کی جاتی ہے ، سیلز ٹیکس 17 سے 18فیصد ہوگیا ہے، ماضی میں کافی عرصے سے گیس کی قیمتیں نہیں بڑھائی گئی تھیں ، سیلز ٹیکس بڑھنے اور روپے کی قدر میں اتارچڑھاﺅ سے بھی قیمت میں اضافہ ہوا ہے، اوگرا گیس کی قیمت کا تعین کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانگھڑ میں ایک کنوئیں سے گیس کی پیداوار میں کمی ہوئی ہے ، اس کے علاوہ ہالا میں پی پی ایل کی فیلڈ میں تکنیکی خرابی سے بھی مسئلہ پیدا ہوا تھا جو اب دور ہوگیا ہے۔ سینیٹر شہادت اعوا ن نے کہا کہ رواں سال گیس کی فراہمی ماضی سے بہت بہتر ہے اور گیس کی فراہمی میں وہ کمی نہیں ہے جو ماضی میں ہوتی تھی۔