کراچی(نمائندہ خصوصی)چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ کراچی میں 6 اپریل کے بعد درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے، درجہ حرارت 34 سے 36 تک بھی جا سکتا ہے۔ایک بیان میں چیف میٹرولوجسٹ نے کہا کہ یکم رمضان سے شہر کا موسم خوش گوار ہے، رمضان میں معمول سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ 5سے 6اپریل تک پاکستان میں مغربی ہواﺅں کے زیر اثر موسم خوش گوار رہے گا۔سردار سرفراز نے کہا کہ شہر میں ہیٹ ویو کا فی الحال کوئی امکان نہیں، رواں سال مون سون کی بارشیں معمول سے کم ہونے کا امکان ہے۔دوسری جانب موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے بتایا کہ سندھ اور بلوچستان کی ساحلی پٹی پر آج اور کل تیز سمندری ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ شام کے اوقات میں ہوائیں25سے 30کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں، اسی دوران مطلع صاف یا جزوی ابر آلود رہے گا۔