مریدکے (نمائندہ خصوصی)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے پاکستان میں آج آئین کی بالادستی اور جمہوریت کا تناوردرخت ہے ،محفوظ ایٹمی پاکستان کے پیچھے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بی بی محترمہ بینظیر بھٹو کا خون اور آصف علی زرداری کی حکمت دانائی پر مبنی پاکستان کھپے کا نعرہ اور سیاست ہے ۔مریدکے سے پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری صابر حسین بھلہ اورلالہ محمد فاروق مغل کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اداروں کی مضبوطی اورجمہوریت کے تسلسل کی بات کی ہے ،نفرت اور بدلے کی سیاست پیپلز پارٹی کے خمیر میں شامل نہیں ۔انہوں نے کہا پیپلز پارٹی نے پاکستان اور اس کی اساس جمہوریت کی خاطر شہادتیں دیں قربانیاں دیں نقصان اٹھائے تکلیفیں جھیلیں مگر اف تک نہ کی ،آج بھی ہماری پارٹی کا کردار پاکستان کے اداروں کی مضبوطی اور جمہوریت کیلئے ہے ،تمام جماعتوں کا احترام کرتے ہیں اور جمہوری رویہ اپنانے کی امید کرتے ہیں ، جب تک برداشت صبر سے کام نہیں لیا جائے گا پریشانی سے دوچار ہوتے رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی پاکستان کی سب سے بڑی جمہوری پارٹی ہے ،کروڑوں کارکن پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے کوشاں ہیں اور کوشاں رہیں گے ۔