لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے مختلف سیاسی رہنماوں نے ملاقات کی جن میں سابق صوبائی وزراءمیاں محمود الرشید، راجہ محمد بشارت اور سابق ایم پی اے عبداللہ یوسف شامل تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ چیف جسٹس کی استقامت سے سازشی عناصر میں کھلبلی مچ چکی ہے، فل کورٹ کا راگ صرف الیکشن سے بچنے کیلئے الاپا جا رہا ہے، عدالتوں سے مفرور نواز شریف کی جانب سے فل کورٹ کا مطالبہ مضحکہ خیز ہے، جھوٹ بول کر جیل سے فرار ہونے والا کس منہ سے عدلیہ کو بھاشن دے رہا ہے۔ چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ نواز شریف کے مطالبے سے بلی تھیلے سے باہر آ چکی ہے، ثابت ہو گیا کہ سپریم کورٹ کے خلاف سازش کی ڈوریاں لندن سے ہلائی جا رہی ہیں، سپریم کورٹ کا حکم ماننے سے انکار کیا گیا تو شہباز شریف توہین عدالت کے جرم میں نااہل ہوں گے اور جیل جائیں گے، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات بھی آئی ایم ایف کو شہباز شریف اور اسحاق ڈار کی گارنٹی دینے کو تیار نہیں۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور تحریک انصاف کے صدر نے مزید کہا ہے کہ آئی ایم ایف اور عالمی برادری جان چکے ہیں کہ شہباز شریف کی حکومت کمزور بیساکھیوں پر کھڑی ہے جس کا کوئی مستقبل نہیں، عالمی برادری تحریک انصاف کو چند ماہ بعد برسراقتدار آنے والی پارٹی کے طور پر دیکھ رہی ہے، امریکہ میں بھی عمران خان کی غیر معمولی مقبولیت اور دوبارہ وزیراعظم بننے کی باتیں ہو رہی ہیں۔