کراچی (کامرس رپورٹر) یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے صدر اور ایف پی سی سی آئی کے سابق صدرزبیرطفیل نے کراچی میں سائٹ ایریا میں واقع فیکٹری کے اندر راشن کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے ،دم گھٹنے اور لوگوں تلے دبنے سے خواتین اور بچوں سمیت12 افرادکے جاں بحق ہونے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جن مقامات پر راشن لینے والوں اور بچت بازار میں خریداری کرنے والوں کا رش ہوتو وہاں خصوصی سیکیورٹی فراہم کی جائے۔یو بی جی کے مرکزی ترجمان گلزارفیروزکی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق زبیرطفیل نے کہا کہ ملک میں جس تیزی کے ساتھ مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے وہ تشویشناک ہے ،ایک جانب مفت آٹا کے حصول کے وقت بھگدڑ میں لوگ ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں جبکہ رمضان کیلئے نجی فیکٹری کے باہر راشن لینے کیلئے آنے والی خواتین،بچے اور مرد ایک دوسرے کو روندتے ہوئے راشن کے حصول کیلئے ایک دوسرے کو کچل رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ راشن کی تقسیم کے مقامات اور بچت بازاروں میں کسی بھی متوقع بھگدڑ کو قابو میں کرنے کیلئے ابتداءسے ہی پولیس کی ڈیوٹی لگائی جائے ۔زبیرطفیل نے کہا کہ ملک میں پہلے ہی سیاسی عدم استحکام،مہنگائی،بے روزگاری سے عوام پریشان اور ذہنی بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں،حکومت کے پاس مہنگائی میں عوام کو ریلیف دینے کا کوئی قابل عمل پروگرام نہیں ہے،سیلاب سے فصلوں کی تباہی نے جلتی تیل پر کام کیا اور منافع خورمافیا نے زرعی اجناس کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا ہے ، غذائی بحران شدید ہونے سے سفیدپوش طبقہ مشکلات سے دوچار ہے۔ زبیرطفیل نے کہا کہ راشن کی تقسیم کے حوالے سے اداروں یا نجی سطح پر پابندکیا جائے کہ ضلعی انتظامایہ کو پیشگی آگاہ کریں تاکہ کوئی ناگشگوار واقعہ رونما نہ ہوسکے ۔