اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )مارچ میں بھی مہنگائی کا جن بے قابو ،ادارہ شماریات نے ماہانہ مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردئیے جس کے مطابق ماہ مارچ میں مہنگائی کی شرح میں 3.72 فیصد کا اضافہ ہوا۔ادارہ شماریات کے مطابق مہنگائی کی مجموعی شرح 35.37 فیصد تک پہنچ گئی، رواں مالی سال کے 9 ماہ میں مہنگائی کی شرح 27.26 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ مالی سال مارچ میں مہنگائی کی شرح 12.7 فیصد تھی، مارچ میں شہروں میں مہنگائی کی شرح میں 3.9 فیصد کا اضافہ ہوا ۔ادارہ شماریات کے مطابق شہروں میں مہنگائی کی شرح 33 فیصد تک پہنچ گئی، مارچ میں دیہی علاقوں میں مہنگائی کی شرح میں 3.5 فیصد کا اضافہ ہوا۔ادارہ شماریات کے مطابق دیہی علاقوں میں مہنگائی کی شرح 38.9 فیصد تک پہنچ گئی، فروٹ، سبزیاں، مشروبات، آٹا، گندم، گھی اور خوردنی تیل مہنگی ہونے والی اشیاءمیں شامل ہیں ۔ ادارہ شماریات کے مطابق کپڑے، گھریلو سامان، گاڑیاں، بجلی، برقی آلات اور پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہوئیں۔